بنگلورو،22؍جنوری(ایس او نیوز) بروہت بنگلور مہا نگر پا لیکے(بی بی ایم پی) کے چیف کمشنر گورو گپتا نے کہا کہ شہر میں دن بدن کووِڈ کے معا ملات میں ہو رہے اضافہ کے پیش نظر کووڈ ٹسٹ کے صرف24گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے نیا نظام جاری کیا گیا ہے۔
اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس بات کی جانکاری د ی۔ انہوں نے کہا کہ کووِڈ ٹسٹ کے لئے 318ٹریسنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔مذکورہ ٹیموں میں 300سے زیادہ عملہ کام کر رہا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ شہر میں ہر دن کووڈ کے معاملات میں اضافہ ہو نے لگا ہے۔آنے والے دنوں میں ان معا ملات میں مزید اضافہ کے خدشات ہیں۔ان کے مطابق کووڈ کے معا ملات میں کمی لانے کے مقصد سے درکار احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہر میں موبائل ٹسٹنگ اور موبائل ٹریسنگ سنٹرز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ ٹسٹ کے 24گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کے لئے درکار انتظامات کئے گئے ہیں۔کووڈ مریضوں کیلئے بستروں کی مانگ بڑھنے لگی ہے،نجی اسپتالوں میں بھی کووڈ کے چند مریض علاج کروا رہے ہیں۔بی بی ایم پی ٹریسنگ سنٹرز میں جانچ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر مزید بستروں کی سہولت مہیا کی جا ئے گی۔گورو گپتا نے بتایا کہ بستروں کیلئے عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔اس مرتبہ بستروں کی کو ئی کمی محسوس نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ کووِڈ کی اموات کے فیصد میں کمی کافی خوش آئند بات ہے۔
بی بی ایم پی کمشنر نے بتا یا کہ حادثہ میں ہلا ک ہونے والے شخص کا بھی کووڈ ٹسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رپورٹ پازیٹیو آنے پر اس شخص کی موت کووِڈ سے ہو نے کی تصدیق ہو جا ئے گی۔انہوں نے بتا یا کہ آج منعقدہ اجلاس کے بعد جاری ہو ئے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔